12 اپریل 2012 - 19:30

اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے نے سعودی عرب کی طرف سے شام میں مسلح دہشت گردوں کی حمایت کے سلسلے میں سنسنی خیز انکشافات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب ہمیشہ دہشت گردوں کی حمایت کرتا رہا ہے اور درحقیقت سعودی عرب دہشت گردوں کی حمایت کا سب سے بڑا مرکزہے، افغانستان، عراق، اور پاکستان میں جاری دہشت گردی کی جڑیں سعودی عرب سے جڑی ہوئی ہیں۔

ابنا:  انھوں نے کہا کہ شام کی حکومت کوفی عنان کے منصوبہ پرمکمل طور پر عمل کررہی ہے جبکہ سعودی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے اب تک 8 جگہ خلاف ورزی کی ہے۔

جعفری نےکہا کہ شام کوفی عنان کے منصوبے کو کامیاب بنانے کے سلسلے میں ہرممکن تعاون کرےگا اور دہشت گردوں کے حامیوں کو بھی چاہیے کہ وہ کوفی عنان کے منصوبے کو کامیاب بنائیں ۔ انھوں نے کہا کہ شام میں جاری بحران کے کئي پہلو ہیں شام میں جاری بحران میں کئی بین الاقوامی طاقتیں ، علاقائی عرب حکومتیں  اور القاعدہ سے وابستہ دہشت گرد ملوث ہیں لہذا کوفی عنان کے منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے صرف شامی حکومت کا تعاون کافی نہیں ہے بلکہ اس بحران میں ملوث تمام طاقتوں کو چاہیے کہ وہ شام میں اپنی بے جا مداخلت بند کردیں تو شام کا بحران خود بخود حل ہوجائےگا اور کوفی عنان کی تجاویز بھی نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔

جعفری نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے دہشت گردوں کی اعلانیہ حمایت اور سنسنی خیز جرائم کا انکشاف عنقریب کیا جائےگا اور سب پر واضح کردیا جائےگا کہ سعودی عرب دنیا میں دہشت گردوں کا سب سے بڑا حامی ملک ہے جس کی وجہ سے ، عراق، شام، افغانستان اور پاکستان میں بد امنی پھیلی ہوئی ہے انھوں نے کہا کہ سعودی عرب امریکہ کا سب سے بڑا حامی اور معاون و مددگار ہے۔ ..... /169